لاہور (سپیشل رپورٹر )لاہور پولیس نے بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور لاہور پولیس ہفتہ انسداد تشدد اطفال منائیں گے ۔ اس ضمن میں سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے وفد نے چیئرپرسن سارہ احمد کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو میں سربراہ لاہور پولیس نے بچوں کے استحصال اور ان پر تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو اس معاشرتی بگاڑ کی روک تھام کے لئے آگے آنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیمیں لاہور کے 84 تھانوں کی حدود میں آگاہی مہم چلائیں گی۔ اس مقصد کے لئے مساجد اور دیگر کمیونٹی مراکز میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں تربیتی ورکشاپ ہونی چاہیئے جس میں چائلڈ بیورو کی ٹیم پولیس کو بچوں پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر معلومات فراہم کریں۔