پشاور(تیمورخان)خیبر پختونخوا میں وائرس کی اقسام کی جانکاری اور وائرس کے باعث جنیاتی تبدیلی معلوم کرنے کیلئے کوئی بھی سیکوئنسر مشین موجود ہے نہ ہی اس کے استعمال کیلئے ماہرین موجود ہیں ، کورونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی سے اضافے کے باعث وائرس کی اقسام معلوم کرنے کیلئے سیکوئنسر مشین کی ضرورت پیش آنے پر خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے مشین کی خریداری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب سے 50 کورونا کے ٹیسٹ کی اقسام معلوم کرنے کیلئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) بھجوائے ہیں جس میں سے 20 میں برطانیہ وائرس کی اقسام پائی گئی ہیں ، مشین کی قیمت اڑھائی کروڑ سے تین کروڑ کے درمیان ہے اور ایک ٹیسٹ پر خرچ دو سے تین ہزار تک آتا ہے ،مذکورہ مشین ایک سرکاری لیب میں موجود مگر غیر فعال پڑ ی ہے ۔ رابطہ کرنے پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ سیکوئنسر مشین کی خریداری کررہے ہیں جس سے وائرس کے بارے میں معلومات حاصل ہوسکیں گی ۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز نے بتایا کہ سیکوئنسر ایڈوانس فارم ہے ،اگر خیبر میڈیکل یونیورسٹی مشین خریدنا چاہتی ہے تو ہم مدد کریں گے ۔